ابنا: خوراک کے عالمی ادارے ڈبلیو ایف پی نے پاکستان کے قبائلی علاقےسےآنے والے پناہ گزینوں کی امداد شروع کردیا ہے۔ اس ادارے نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے ہزاروں افراد میں امداد کی تقسیم کا سلسلہ پیر کے روز سے شروع کردیا ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام کی سرپرستی میں کام کرنے والی ایک مقامی غیرسرکاری تنظیم سے وابستہ اہلکار سیف اللہ خان کا کہنا ہے کہ بنوں میں خوراک کی تقسیم کے لیے قائم ایک مرکز سے راشن کی فراہمی شروع کی گئی ہے، جس میں آٹا، پکانے کا تیل، دالیں اور توانائی بخش بسکٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں، جو روزانہ کی بنیاد پر پندرہ ہزار خاندانوں کو راشن کی ضروریات فراہم کرنے کے لیے کافی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کی فوج نے گذشتہ ہفتے سے اس ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف ضرب عضب نامی آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
.......
/169